ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی میں سات رکنی لٹیروں کے ٹولی کو پولیس نے کیا گرفتار

اڈپی میں سات رکنی لٹیروں کے ٹولی کو پولیس نے کیا گرفتار

Sat, 07 Jul 2018 12:49:26    S.O. News Service

اڈپی 7؍جولائی (ایس اونیوز)پولیس کے بیان کے مطابق رات کے وقت تنہاافراد کو اور خاص کر بیرنی شہروں سے آئے ہوئے مزدوروں کو لوٹنے والی ایک سات رکنی ٹولی کو گرفتار کیا گیا ہے۔گرفتار شدگان میں کچھ عرصے پہلے ’منگلوروہوم اسٹے‘ میں شب گزاری کرنے والوں پر حملے کے ملزمین بھی شامل ہیں۔

گرفتار ملزمین کے نام شیریاس عرف سچّو،ابھیجیت، وگنیش،سمپت،منیش کمار،ششانک اور نکھل شیٹی ہیں اورتمام ملزمین کی عمر19اور21سال کے اندر ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین میں شامل نکھل شیٹی ایک طالب علم ہے۔لٹیروں کی یہ ٹولی رات کے وقت اڈپی اور منی پال کی سڑکوں پر تنہا پیدل جانے والے افراد اورمزدوروں کو نشانہ بنایا کرتی تھی۔ اس ٹولی کے لوٹنے کا طریقہ کار یہ تھا کہ سنسان سے علاقے میں اپنے شکار کے سر پر بوتل سے حملہ کردیا کرتے تھے اور پھر اس کے پاس موجود قیمتی چیزیں اور نقدی لے کر فرار ہوجاتے تھے۔

پولیس افسران کا کہنا ہے کہ لوٹ کی وارداتیں اس کے لئے سردرد بنی ہوئی تھیں،کیونکہ بیشتر معاملات میں متاثرین پولیس کے پاس شکایت درج نہیں کیا کرتے تھے۔ اور دیر رات کو وارداتیں انجام دینے کی وجہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی بہت زیادہ صاف نہیں ہواکرتاتھا جس سے ملزمین کی نشاندہی مشکل ہورہی تھی۔پچھلے دنوں 16جون کو سنتے کٹّے کے پاس اس ٹولی نے جو واردات انجام دی تھی اس کے تعلق سے پولیس میں شکایت درج ہوئی اور تحقیقات کے دوران پولیس ایک ملزم کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ پھر اسے پولیس اسٹیشن لاکر سختی کے ساتھ تفتیش کی گئی تو اس کے بیان کی روشنی میں پوری ٹولی کو گرفتار کرنا پولیس کے لئے آسان ہوگیا۔کچھ ملزمین کو بنگلورو اور منگلورو سے بھی گرفتار کیاگیا۔مزید دو مفرور ملزمین کی تلاش جاری ہے۔پولیس کاکہنا ہے کہ گرفتار شدہ ملزمین پر منگلورو اور اڈپی کے پولیس تھانوں میں کئی مقدمات درج ہیں۔


Share: